منطق اور ترقیِ علوم

تمام علوم اور سائنسی ترقی زیادہ تر منطق استخراجیہ کی مرہونِ منت ‏ہے۔سائنس اور تحقیق کے پانچ اساسی اصولوں میں سے ایک یہ ہے کہ ‏تحقیقی عمل زینہ در زینہ آگے بڑھتاہے۔اگر ایک زینہ نکال دیں تو سائنسی یا ‏سماجی علوم کی ترقی کا عمل رُک کررہ جائے گا۔ بہ الفاظ دیگر تحقیق خلا میں ‏نہیں ہوسکتی اورسابقہ علمی ترقی کو لے کرہی محققین آگے بڑھتے ہیں یا بڑھ ‏سکتے ہیں۔یوں، علمی ترقی کے لیے منطق استخراجیہ اور استقرائیہ دونوں ‏ناگزیر ہیں۔تحقیق کے پہلے باب میں یہی سبق پڑھایا جاتا ہے مگرہمارا المیہ ‏ملاحظہ ہو، بڑے بڑے نام تحقیق کے نصف اصول اپنے موقف کو درست ‏ثابت کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں اورجو اصول یا ضابطہ ان کے موقف ‏کی نفی کررہا ہو، اس کو نظراندازکردیتے ہیں۔

بلاگ فہرست

پیر، 9 نومبر، 2026

لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری

امتیازاحمدوریاہ

آج علی الصباح اسکولی زمانہ یاد آگیا۔میں ، میرا ہم جماعت محمد خالد اور پڑوس کے گاؤں جیسر والا کے محمد آصف چیمہ حضرت علامہ اقبالؒ کی  یہ  مشہور ’’بچّے کی دُعا‘‘ اسمبلی میں پڑھا کرتے تھے،چیمہ جی ہم سے ایک جماعت سینیر تھے۔ چوتھی جماعت سے چھٹی جماعت تک مسلسل تین سال ایک آدھ طالب علم کے بدل سے ہم ہی یہ نظم پڑھتے رہے تھے۔؎

لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری

زندگی شمع کی صورت ہو خدایا میری

دور دنیا کا مرے دم سے اندھیرا ہو جائے!

ہر جگہ میرے چمکنے سے اجالا ہو جائے!

ہو مرے دم سے یونہی میرے وطن کی زینت

جس طرح پھول سے ہوتی ہے چمن کی زینت

زندگی ہو مری پروانے کی صورت یارب

علم کی شمع سے ہو مجھ کو محبت یارب

ہو مرا کام غریبوں کی حمایت کرنا

درد مندوں سے ضعیفوں سے محبت کرنا

مرے اللہ! برائی سے بچانا مجھ کو

نیک جو راہ ہو اس رہ پہ چلانا مجھ کو

اسکول اسمبلی میں یہ نظم پڑھتے ہوئے جو سرشاری کی عجیب کیفیت طاری ہوتی تھی، ایسا بعد کے برسوں میں کبھی نہیں ہوا۔تلاوت قرآن مجید کے بعد بالعموم نعتِ رسول مقبول ﷺ اور پھر ہمارے استاد مکرم محمد بشیر صاحب مرحوم ایک حمدیہ نظم ترنم سے پڑھا کرتے تھے۔اس کے چند اشعار یہ ہیں۔؎

چاند تاروں میں تُو ہے

مرغزاروں میں تُو ہے خدایا

کس نے تیری حقیقت کو پایا

تُو نے پتھر میں کیڑے کو پالا

تُو نے مٹی سے سبزہ نکالا

چاند تاروں میں تُو ہے

مرغزاروں میں تو ہے خدایا

کس نے تیری حقیقت کو پایا

اس نظم کا کسی کے مجموعہ کلام میں سراغ ملا ہے اور نہ شاعر کا پتا چلا ہے لیکن  حضرت علامہ اقبالؒ کی  ’’بچّے کی دعا‘‘ تو  زبان ِ زدعام تھی۔ہم تین یا چار طلبہ یہ نظم  ترنم سے  پہلے پڑھتے بلکہ گاتے تھے اور پھر اسمبلی کے شرکاء ایک ایک مصرع دُہراتے تھے۔پھر قومی ترانہ ہوتا تھا۔جس کے احترام میں سب مؤدب کھڑے ہوتے اور صرف ہمارے ہونٹ ہل رہے تھے۔ اس  کی تکمیل پر تمام جماعتیں اپنے ،اپنے کمروں میں یا مختص تھڑوں (پلاٹ) کی طرف چلی دیتی تھیں۔

اس زمانے میں ہمارا اسکول مڈل تھا اور بہت بعد میں ہائی ہوا تھا۔اس کی  پرانی عمارت  آج بھی خستہ حال میں ایستادہ ہے۔اس کے صرف  تین ہی کمرے تھے اور ساتھ  ہیڈماسٹرصاحب کا چھوٹا  سا دفتر تھا۔اس میں بہ مشکل ایک میز اور دو کرسیاں آتی تھیں۔مرکزی عیدگاہ کے ساتھ واقع مشرقی کی جانب بڑے کمرے میں   چھٹی بیٹھتی تھی۔مغرب کی جانب واقع بڑا کمرا  ساتویں جماعت   کے حصے میں آتا تھا اور ان  دونوں کے درمیان  میں چھوٹے کمرے میں آٹھویں جماعت بیٹھتی تھی۔  کچّی، پکّی سے پانچویں تک چھہ یا سات جماعتوں کے  بچےٹاٹ ، گھر سے لائے توڑوں یا بوریوں پر فرش نشین ہوتے تھے۔البتہ پانچویں جماعت  ترقی پاکر کمروں کے آگے بنے  برآمدے  کے مغربی کونے میں بیٹھتی تھی۔اسمبلی میں حاضری لازمی ہوتی تھی اور اسکول میں تاخیر سے آنے والوں کو ایک قطار میں دیر تک کھڑا کیا جاتا تھا۔

ہمارے گاؤں کانواں لِٹ سے حضرت علامہ اقبالؒ کو ایک خاص نسبت بھی تھی۔ان کے مرے کالج سیال کوٹ سے گورنمنٹ کالج لاہور تک ہم جماعت اور دوست پروفیسر عبداللہ قریشی صاحب کا تعلق  ہمارے گاؤں کے  مشہور علمی  گھرانےسے تھا۔ان  کے دوسرے دو بھائی علیگ (علی گڑھ مسلم کالج کے تعلیم یافتہ)  تھے۔پروفیسر صاحب اسلامیہ کالج پشاور کے پہلے تدریسی عملہ کے رکنِ رکین تھے۔علامہ صاحب  اپنےکالجی زمانے اوربعد میں بھی ان سے ملاقات کو ہمارے گاؤں میں آیا کرتے تھے۔ایک کتاب میں ان کا مسلسل تین راتیں کانواں لِٹ میں قیام کرنے کا ذکر ملتا ہے۔البتہ ان  کی گاؤں میں آمد کا ذکر کسی  اورکتاب میں نہیں  پڑھ سکا۔ممکن ہے کسی اور کتاب یا شخصی تذکرے میں بھی ان ملاقاتوں کے أحوال درج ہوں۔اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انگریز کے پنجاب پر قبضے کے وقت  بھی ہمارے گاؤں کے بزرگ اہلِ علم اور صاحبانِ فضیلت میں شمار ہوتے تھے اورحضرت علامہ صاحب کا ایسے ہی حضرات میں اٹھنا بیٹھنا تھا۔ 

پس تحریر:

1۔ میو گارڈن لاہور میں قریشی نام /لاحقےکی تختی  والی بیشتر کوٹھیاں ان ہی پروفیسر عبداللہ صاحب کے بیٹوں، بھتیجوں اورآگے  ان کی آل اولاد کی ہیں۔

2 ۔ مشہور خطاط محمد صدیق الماس رقم صاحب عبداللہ قریشی صاحب کے سگے بھانجے اور ان کے بھائی ماسٹر رحمت اللہ(ایم اے/بی اے علیگ) کے داماد تھے۔الماس رقم صاحب کا اپنا گاؤں جامکے چیمہ تھا۔

3۔شیخ  غلام علی اینڈ سنز کے شائع کردہ علامہ صاحب کے تمام مجموعہ ہائے کلام کی کتابت الماس رقم صاحب کے بیٹے محمودرقم نے کی تھی۔

4۔ ڈائریکٹر اسکولز مغربی پاکستان  چودھری محمد صادق (سی ایم صادق) ساہی صاحب کے والد چودھری جلال دین(آف ڈسکہ کلاں) بھی علامہ اقبال اور پروفیسر عبداللہ قریشی صاحب کے مرے کالج میں ہم جماعت تھے۔ 

5۔خاکسار تحریک کے بانی علامہ عنایت اللہ المشرقی  بھی  اسلامیہ کالج پشاور کی پہلی فیکلٹی  کا حصہ تھے اور اس کے پہلے وائس پرنسپل بھی تھے۔ انھوں نے گورنمنٹ کالج لاہور(جامعہ پنجاب)  سے ایم اے ریاضی  اعزاز کے ساتھ پاس کیا تھا۔

6۔گورنمنٹ مڈل اسکول  اور اس سے پہلے 1950ء کی دہائی میں  پرائمری اسکول کی موجودہ جگہ پر تعمیر میں چودھری اللہ دتہ تحصیل دار (مرحوم) کا بہت نمایاں کردار تھا بلکہ اسکول کی موجودگی  جگہ پر تعمیر کے لیے گاؤں  کے ساتھ واقع اپنی قیمتی اراضی انھوں نے ہی دی تھی۔انھوں نے اسکول کے قیام اور  گاؤں کے  بچّوں  اور بچّیوں کو پڑھانے کے لیے تحصیل داری کو لات مار دی تھی۔ ہمارے گاؤں کے بڑے بڑے چودھریوں اور نمبرداروں نے ان کی  شدیدمخالفت کی تھی  لیکن جب وہ اس پُرعزم شخصیت  کو ان کے ارادوں سے  باز نہیں رکھ  سکے تو انھیں نیچا دکھانے کے لیے ان کے خلاف وہابی ہونے کا پروپیگنڈا  شروع کردیا تھا ۔اس زمانے میں ’’وہابی‘‘ کی اَل کو کسی گالی سے بھی بُرا سمجھاجاتا تھا۔مگر چودھری صاحب مرحوم  بجا طور پر کانواں لِٹ کا سرسیّد کہلانے کے مستحق ہیں ۔ان کا تفصیلی ذکر اور گاؤں کے لیے شاندار خدمات کا الگ سے ایک مضمون میں کیا جائے گا۔ان شاء اللہ۔



1 تبصرہ:

  1. ہر انسان کی زندگی میں اس کی جنم بھومی ایک مقدس مقام رکھتی ہے۔ وہ مٹی، وہ گلیاں اور وہ فضا جہاں انسان آنکھ کھولتا ہے، بچپن کے دن گزارتا ہے اور جوان ہوتا ہے، اس کے دل کے اتنے قریب ہوتی ہے کہ اس کی محبت عمر بھر کم نہیں ہوتی۔ ہر شخص کو اپنے گاؤں یا شہر پر فخر ہوتا ہے اور یہ جذبہ بالکل فطری ہے۔
    لیکن جب بات آپ کے اپنے گاؤں کانواں لٹ کی آتی ہے، تو یہ محبت صرف جذبے تک محدود نہیں رہتی بلکہ ایک گہرے فخر میں بدل جاتی ہے۔ کانواں لٹ کی فضاؤں میں شاید کوئی ایسا جادو یا تاثیر ہے جو یہاں کے مکینوں کو عام انسانوں سے ممتاز کرتی ہے۔
    تعلیم کا میدان ہو، روحانیت کی چمک ہو، یا پھر کھیل اور مثبت سرگرمیوں کا جوش، کانوٹ نے ہمیشہ اپنی ایک الگ پہچان چھوڑی ہے۔ یہاں کے لوگوں کے مزاج میں جو علم کی پیاس، شعور کی پختگی اور فکری بلندی پائی جاتی ہے، وہ اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ اس زمین کی مٹی میں کچھ خاص بات ہے۔ یہ صرف ایک بستی نہیں بلکہ ایک ایسا گہوارہ ہے جہاں سے روشن خیال لوگ جنم لیتے ہیں، جو معاشرے کے لیے ایک روشنی کا مینار ہیں۔
    سر امتیاز احمد وریاہ بھی ہمارے گاؤں کانواں لٹ کے عظیم سپوت ہیں۔ان کی اور ان کے خاندان کی علم دوستی،مذہب و ملت سے میرے سمیت کئی نسلیں پروان چڑھیں ہیں۔اللہ کریم سے التجاء ہے ان کے علم اور قلم سے اسی طرح ہم سب فیضیاب ہو تے رہیں۔اور ہمارے گاؤں کو اللہ کریم علم و امن کا گہوارہ بنا دے۔اپنے اس گاؤں سے محبت کرنا اور اس کی خوبیوں پر فخر محسوس کرنا آپ کا حق بھی ہے اور اس مٹی کے ساتھ آپ کی وفاداری کا ثبوت بھی۔

    جواب دیںحذف کریں

اقبالیات

اقبالیات
یہ 23 صفحات کو محیط خطبہ الٰہ آباد کا صرف ایک صفحہ ہے۔سوال یہ ہے کہ ہمارے ’’مفکرین عظام‘‘ اور ’’ناقدین کرام‘‘ سے کہاں کہاں غلطی سرزد ہوتی ہے؟ یہ حضرات کسی بلند پایہ شخصیت کے علم وفن اور فکروفلسفہ کا جائزہ اس کے اپنے دور، حالات، سماج اور علمی ورثے میں نہیں کرتے بلکہ اس کو وہاں سے اٹھا کر اپنے دور میں لے آتے ہیں یا اسلام کے بالکل ابتدائی دور میں لے جاتے ہیں۔پھر افضلیت اور تفضیلت کے جنگ وجدل میں پڑ جاتے ہیں، فلاں شخصیت یا مفکر افضل و برتر تھے اور فلاں ان سے کم تر تھے۔ یہ رویہ ان شخصیات کے فکروفن کو محدود کرنے اور ان کے بارے میں بہت حد تک ناصائب رائے قائم کرنے کا موجب ہے۔سوشل میڈیا بالخصوص ’’کتاب چہرہ‘‘ پر آج کل اس حوالے سے روز ’’سرپھٹول‘‘ ہوتی ہے۔ آج کے دن یعنی 9 نومبر کے حوالے سے ایک بحث حضرت علامہ اقبال کے 1930 کے خطبہ الٰہ آباد کے حوالے سے ہورہی ہے اور اس کو متنازع بنانے کی سعی نامسعود کی جا رہی ہے جبکہ درست تجزیہ تو یہ ہونا چاہیے کہ اس خطبے کواس دور اور اس سال تک کے سیاسی حالات بالخصوص مسلمانوں کی حالتِ زار کے تناظر میں دیکھا جائے۔

مقبول تحریریں

Pages

SoraTemplates

Best Free and Premium Blogger Templates Provider.

Buy This Template